جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے وفد نے افغانستان کا دورہ کیا اور افغان رہنماؤں سے ملاقات کی، جس دوران انہوں نے خلیفہ سراج الدین حقانی اور امارت اسلامی کے رہنماؤں سے حاجی خلیل الرحمان حقانی کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حکم پر کی گئی تھی۔وفد میں سابق ایم این اے مولانا صلاح الدین ایوبی، جے یو آئی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش، اور صاحبزادہ سلوان محمود شامل تھے۔ وفد کی قیادت سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے کی۔وفد نے کابل میں خلیفہ سراج الدین حقانی اور دیگر امارت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے حاجی خلیل الرحمان حقانی کی شہادت پر تعزیت کی اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔مولانا عطاء الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ جے یو آئی ف اور پاکستانی عوام افغان عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ ملا خلیل الرحمان حقانی کی شہادت کے باوجود امارت اسلامی کے حوصلے بلند رہیں گے اور ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مولانا عطاء الحق درویش نے کہا کہ امارت اسلامی کے رہنماؤں کی شہادتوں نے افغانستان کو امریکی تسلط سے آزاد کرنے کی راہ ہموار کی۔اس دورے میں جے یو آئی ف کے وفد نے افغان قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان کی عوام ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آزادی اور خودمختاری کے لیے ان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔