ٓ آزاد کشمیر اسمبلی ، ن لیگ کا پہلا نمبر

 ن لیگ کی 32 سیٹیں ،پیپلز پارٹی کی 14، نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
مظفرآباد (خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں میں سے6پرکامیابی حاصل کر لی، مسلم لیگ ن کو خواتین کی تین، علما و مشائخ ، سمندر پار مقیم کشمیریوں اور ٹیکنو کریٹ کی ایک ایک اضافی نشست مل گئی، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کو دو خواتین کی مزید نشتیں ملیں۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے مریم زمان، مریم ادریس، سحرش قمر اور سمندر پار مقیم کشمیریوں کی مخصوص نشست عبد الرحمان آرائیں ، ٹیکنوکریٹ سید افتخار علی گیلانی جبکہ علما و مشائخ کی نشست پر مولانا مظہر سعید کامیاب ہوگئے۔ن لیگ کی امیدوار رفعت عابد اور پی پی پی کی زوبیہ خورشید کو پانچ، پانچ برابر ووٹ ملے، جس کے بعد ٹاس پر پی پی پی کی امیدوار زوبیہ خورشید کامیاب ہوئی، اس سے قبل فرزانہ یعقوب بھی پی پی پی کی طرف سے مخصوص نشست پر کامیاب ہوگئیں۔مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین امیدواروں کے مری میں انٹرویوز بھی کئے تھے۔ٓ ٓٓمسلم لیگ (ن) نے حالیہ آزاد کشمیر عام انتخابات میں 45 براہِ راست نشستوں میں سے 25 نشستیں حاصل کر کے سب سے بڑی پارلیمانی جماعت کا اعزاز حاصل کیا اور مزید 6 نشستیں ملنے کے بعد قانون ساز اسمبلی میں ن لیگ 31 ممبران کے ساتھ پہلے جبکہ پیپلز پارٹی 14 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی۔مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد ایوان میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی اور عوامی دست و بازو کے رکن اسمبلی ساجد عباسی کی حمایت کو ملا کر ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی تعداد 32 ہوگئی۔قبل ازیں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے پیر کے روز اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، سبکدوش سپیکر چودھری لطیف اکبر نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔بعد ازاں ارکان نے اپنے اپنے حلقوں کی ترتیب کے مطابق قانون ساز اسمبلی حلف رجسٹر پر دستخط کیے۔ٓتیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویڑن کے 11 حلقوں میں انتخابات ہونا تھے، جن میں باغ کے 3، حویلی کا ایک، پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقے شامل تھے۔ تاہم امن و امان کی صورتحال کے باعث الیکشن کمیشن نے مقررہ شیڈول کے مطابق صرف باغ اور حویلی میں پولنگ کرائی،اب تک 38 براہ راست منتخب حلقوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 25 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن چکی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے پاس 12 نشستیں ہیں۔ عوامی دست بازو پارٹی کے واحد کامیاب رکن بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ شامل ہو چکے ہیں،مخصوص نشستوں میں مسلم لیگ (ن) کے حصے میں6جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو صرف دو سیٹیں ملیں۔ قانون ساز اسمبلی میں اس وقت مسلم لیگ (ن) اتحادی جماعت عوامی دستِ بازو کے ایک رکن اسمبلی ساجد اقبال عباسی کی حمایت سے 32 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آ چکی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس مخصوص دو خواتین نشستوں سمیت کل 14 ارکانِ اسمبلی کی نشستیں ہیں۔ پیپلزپارٹی اپوزیشن میں بیٹھے گی۔