سرکاری نرخ نامہ ہوا میں اڑا دیا گیا، بلیک میں فروخت ،انتظامیہ خاموش تماشائی
لاہور (زیڈ این این)لاہور سمیت مختلف شہروں میں ایل پی جی مافیا کے بے لگام ہونے کے باعث مائع پٹرولیم گیس کی قیمتیں غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق اوگرا (OGRA) کے مقرر کردہ سرکاری نرخ نامے کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے دکانداروں اور ڈسٹری بیوٹرز نے من مانے دام وصول کرنا شروع کر دیے ہیں۔ مختلف علاقائی مارکیٹوں میں ایل پی جی کی بلیک میں فروخت عروج پر پہنچ چکی ہے، جس کے باعث گھریلو اور تجارتی صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔متاثرہ شہریوں نے انتظامیہ کی پراسرار خاموشی اور بے حسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام اور گرانفروشی کی روک تھام کے لیے قائم ٹیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی بلیک کرنے والے عناصر کے خلاف بلا تاخیر سخت قانونی کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔