عمران خان نے بہن نورین نیازی کو بتایا میری صحت ٹھیک ہے ، حذیفہ رحمان

ملاقات کے دوران آنکھ کا ذکر تک نہیں کیا ، بانی نے علیمہ سے متعلق سخت الفاظ استعمال کیے 
 سہیل آفریدی لیڈ کریں گے،میں سہیل آفریدی کے پیچھے کھڑا ہوں اور جو وہ کہے گا وہ کرنا ہے 
اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے متعلق ماضی کے تلخ تجربات ہیں جس کی وجہ سے سکیورٹی انتظامات کرنے ہوتے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کی نورین نیازی سے ملاقات کروائی گئی، ہمشیرہ سے سابق وزیر اعظم نائیکی کے ٹریک سوٹ اور جوگرز میں ملے، انہوں نے اپنی بہن کو بتایا کہ وہ دو گھنٹے جم کر کے آئے ہیں۔ایک انٹرویو میں حذیفہ رحمان نے دعوی کیا کہ ملاقات کے دوران نورین نیازی نے بتایا کہ سپریم کورٹ کا حکم آیا ہے کہ آپ شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل ہو جائیں، اس پر عمران خان نے بتایا کہ میری صحت ٹھیک ہے مجھے ضرورت نہیں ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ نورین نیازی سے ملاقات میں عمران خان نے علیمہ خانم سے متعلق سخت الفاظ استعمال کیے اور کہا کہ وہ چیزوں سے دور رہیں، سہیل آفریدی لیڈ کریں گے، اس پر بہن نے بتایا کہ سہیل آفریدی کو بڑے مسائل کا سامنا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں سہیل آفریدی کے پیچھے کھڑا ہوں اور جو وہ کہے گا وہ کرنا ہے۔حذیفہ رحمان نے کہا کہ عمران خان اور نورین نیازی کی پوری ملاقات کے دوران آنکھ کا ذکر تک نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعظم کی آنکھ ضائع ہونے کا دعوی کیا تھا لیکن ملاقات میں اس پر بات تک نہیں ہوئی، نورین نیازی سے حلف لے کر پوچھ لیں کہ میں درست بات کر رہا ہوں یا نہیں، مجھے پی ٹی آئی کی اس شخصیت نے یہ باتیں بتائیں جس کو نورین نیازی نے بتائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو عوام کو بتانا چاہیے کہ عمران خان کی صحت اور بینائی ٹھیک ہے، اگر عدالت ان کو طبی بنیاد پر ضمانت دی تو ہم ایک منٹ میں اسپتال شفٹ کر دیں گے، ہماری نظر ثانی درخواست زیر التوا ہے سپریم کورٹ کا جو آرڈر ہوگا اس پر عمل کریں گے۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف تصور بھی نہیں کر سکتے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کریں، قانونی ٹیم نے ایک رائے دی جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ قانون کے مطابق چلیں گے، انہوں نے اپنے کیریئر میں کبھی عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی۔