ذخیرہ اندوزی اور قلت کے باعث چینی عوام کی پہنچ سے دور
لاہور(کرائمء رپورٹر) ملک بھر میں چینی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث عوام اور دکاندار سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ مارکیٹوں میں چینی نایاب ہو چکی ہے جبکہ جو چینی دستیاب ہے وہ بھی مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ مہنگی بیچی جا رہی ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں ہول سیل مارکیٹ سے چینی مل ہی نہیں رہی، جس کے باعث کاروبار بند ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ دوسری جانب عوام روزانہ چینی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں اور کئی علاقوں میں دکانداروں اور شہریوں کے درمیان جھگڑے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ادھر شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر چینی کی قلت ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ روزمرہ کی یہ بنیادی ضرورت عام آدمی کی پہنچ میں دوبارہ آ سکے۔