لاہور(کرائم رپورٹر) شہر میں ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے نقدی، زیورات، موبائل فونز، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سے محروم ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق نشتر کالونی میں شہزاد سے 1 لاکھ 50 ہزار روپے اور موبائل فون، جوہر ٹاؤن میں عاصم سے 1 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون، مغلپورہ میں فہد سے 1 لاکھ 35 ہزار روپے اور موبائل فون، لوئر مال میں فضل سے 1 لاکھ 30 ہزار روپے اور موبائل فون جبکہ برکی میں سلطان سے 1 لاکھ 10 ہزار روپے، موبائل فون اور دیگر سامان چھین لیا گیا۔ اسی طرح بادامی باغ اور اقبال ٹاؤن سے گاڑیاں جبکہ اسلام پورہ، گڑھی شاہو اور ٹاؤن شپ سے موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔