سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے کلئیر کروائے: آئی ایس پی آر
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)کوئٹہ کے علاقے شعبان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 13دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں سیکورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے،سیکورٹی فورسز دہشتگردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس بیسڈ معلومات پر 21ستمبر سے کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کو انٹیلیجنس اداروں سے شعبان میں بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، دہشتگردوں سے مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے کے لئے آپریشن کیا جا رہا ہے،کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے کلئیر کروائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شعبان میں جاری کارروائی میں اب تک 13 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے