لاہور میں 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، پولیس کا فوری ایکشن، دکاندار گرفتار

لاہور میں 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، پولیس کا فوری ایکشن، دکاندار گرفتار

لاہور میں بچوں کے تحفظ اور تشدد و استحصال کے خلاف پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 10 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کرنے والے دکاندار کو گرفتار کرلیا۔

 واقعہ شفیق آباد کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ملزم نے مبینہ طور پر بچی کو دکان کے قریب گلی میں لے جا کر اس کے ساتھ نازیبا حرکات کیں۔پولیس کے مطابق بچوں پر تشدد اور استحصال سے متعلق موصول ہونے والی کال پر شفیق آباد پولیس نے فوری کارروائی کی۔ ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت قربان کے نام سے ہوئی ہے، جس پر 10 سالہ بچی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور زیادتی کی کوشش کا الزام ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم قربان نے مبینہ طور پر بچی کو زبردستی اپنی دکان کے ساتھ واقع گلی میں لے جانے کی کوشش کی، جہاں اس نے بچی کے ساتھ نازیبا حرکات شروع کردیں۔ تاہم بچی واقعے کے بعد گھر پہنچی اور اپنے والد کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔بچی کے والد کی جانب سے اطلاع ملنے پر شفیق آباد پولیس حرکت میں آگئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

 پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ بچی کو تحفظ فراہم کرنے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ بچوں کے تحفظ کو اولین ترجیح حاصل ہے اور تشدد، ہراسانی یا استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔