حیدرآباد: کوٹری کے علاقے راسواہ موری میں 9 سالہ بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بچی کے شور مچانے پر مقامی افراد نے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کردیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق بچی معمول کے مطابق ٹیوشن پڑھنے کے لیے گھر سے نکلی تھی، تاہم مقررہ وقت پر واپس نہ پہنچنے پر اہلخانہ کو تشویش ہوئی اور انہوں نے اس کی تلاش شروع کردی۔اہلخانہ نے علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی تو معلوم ہوا کہ ایک ادھیڑ عمر شخص بچی کو اپنے ساتھ لے جا رہا تھا۔ بچی کے والد کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق ملزم اسے کوٹری کے علاقے میں واقع ایک کیلے کے باغ میں لے گیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔تاہم بچی نے ملزم کی مبینہ کوشش پر شور مچایا تو قریبی علاقے کے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی افراد نے ملزم کو پکڑ لیا اور تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں 60 سالہ محرم سولنگی کے خلاف بچی کے والد اور ایک پولیس اہلکار کی مدعیت میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔