"" معراج مصطفیٰ بشریت کی امکانی وسعتیں""

 امجد علی
**سبق ملا ہے یہ معراج مصطفیٰ سے مجھے
کہ عالم بشریت کی زد میں ہے گردوں**
وہ ہستی اقدس، جن کے قدموں کی رفعت کو زمان و مکاں کی وسعتیں بھی محیط نہ ہو سکیں، جنہیں خالق کائنات نے اپنے محبوبانہ قرب کے لیے شب معراج آسمانوں کی وسعتوں، سدرۃ المنتہیٰ اور عرش معلیٰ سے آگے وہ شرف حضوری عطا فرمایا جو تمام انسانیت میں صرف آپ  کا امتیاز و اختصاص ہے۔ یہ سفر محض فاصلے طے کرنے کا واقعہ نہیں، بلکہ شان رسالت، عظمت مصطفیٰ  اور انسانی وجود کی رفعت کا وہ بے مثال مظہر ہے جس کے سامنے عقل انسانی حیرتوں کے بھنور میں گم ہو جاتی ہے۔ معراج نے زمین و آسمان کے فاصلے ہی نہیں سمیٹے بلکہ مقام انسانیت کے تصور کو بھی ایک نئی وسعت عطا کی۔ معراج وہ عظیم الشان سفر تھا جب عالم خلق کی تمام مخلوقات و موجودات، فخر انسانیت حضرت محمد مصطفیٰ ? کی شان رفعت و عظمت کے سامنے حیرت و استعجاب میں محو، اپنی نگاہیں ساکت و صامت کیے اس بے مثال عروج کا نظارہ کر رہی تھیں۔ یہی وہ عظیم واقعہ ہے جس سے اقبال نے انسانی عظمت اور امکانات وجود کا ایک غیر معمولی سبق اخذ کیا ہے۔

مذکورہ شعر میں معراج مصطفیٰ  محض ایک معجزہ  نبوی کے طور پر مذکور نہیں، بلکہ شاعر اس عظیم واقعے کو انسانی وجود کی وسعتوں، اس کی پوشیدہ استعداد اور امکانات عروج کے ایک غیر معمولی تناظر میں دیکھنے کے لیے دریچے کھول رہا ہے۔ فکری جامعیت اور معنوی تہہ داری کے تناظر میں ہمیں یہ دعوت دیتا ہے کہ ہم فاصلوں کی پیمائش کے مروجہ پیمانوں، مخلوقات کی وجودی ہیئت و ماہیت کا کسی اور مخلوق کے وجود میں ڈھل جانا، جزو اور کل کے باہمی اشتراک و تعاملات، اور انسانی ارتقا کی آخری حدود جیسے تصورات کو روایتی زاویہ نگاہ سے ہٹ کر ازسرنو پرکھیں۔ کیا ایک کامل جزو، بصورت گنبد آبگینہ رنگ، اپنے اندر کل کی معنوی وسعتوں اور اوصاف کا عکس سمو سکتا ہے؟ کیا وجود کی ہیئت، شعور کی بلندیوں کے ساتھ کسی ایسے نئے ادراک سے ہم کنار ہو سکتی ہے جسے ہمارے مادی پیمانے پوری طرح محیط نہ ہوں؟ اور کیا انسانی عروج کی حدود واقعی وہی ہیں جنہیں ہم اپنے محدود مشاہدے اور موجودہ فہم کی بنیاد پر متعین کیے بیٹھے ہیں؟ یہ محض استفہامی سوالات نہیں بلکہ ایسے فکری دریچے ہیں جو واقع? معراج کی معنوی عظمت کے تناظر میں انسانی وجود، اس کی حقیقت اور امکانات پر نئے سرے سے غور و فکر کی دعوت دیتے ہیں۔
یہاں غور طلب نکتہ یہ ہے کہ معراج مصطفیٰ  کو علامہ اقبال نے انسانی وجود کی ایک ایسی معراج کے تناظر میں دیکھا ہے جس نے عالم بشریت کے لیے رفعتوں کے نئے افق کھولے ہیں۔ ایک بشر کا زمین سے اٹھ کر افلاک، سدرۃ المنتہیٰ اور عرش معلیٰ تک پہنچنا اس بات کا اعلان ہے کہ انسانی وجود کو محض اس کے خاکی قالب اور مادی حدود سے متعین کرنا کس قدر سطحی استخراج ہے۔ گویا جس ستاروں سے مزین آسماں اور گردوں کو انسان دور سے دیکھتا، ناپتا اور تسخیر کرنے کا ہمیشہ سے خواب دیکھتا آیا ہے، معراج مصطفیٰ  نے اسے عالم بشریت کی دسترس اور امکان کے دائرے میں لا کھڑا کیا۔ پوری انسانیت کو اس کے گماں آباد میں بہت دور، ناممکن خوابوں کی تعبیر عطا کر دی۔

اس شعر کا ایک منفرد پہلو فاصلے اور رفتار کے روایتی تصور سے متعلق بھی ہے۔ انسانی سائنسی مشاہدے میں اجرام فلکی کے درمیان فاصلے اس قدر وسیع ہیں کہ ان کے سفر کا تصور بھی طویل زمانوں کا محتاج ہے۔ بظاہر یہ سفر عقلی حدود سے ماورا تھا اور اسے دائرہ فہم میں لانا آج بھی شعوری مدارج کے لیے ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ مگر معراج کا واقعہ ہمیں ایک ایسے سفر سے روشناس کراتا ہے جس میں مکانی فاصلے اور زمانی پیمانے اپنی معمول کی معنویت کھو دیتے ہیں۔ یہ کہنا کہ افلاک اور ستارے اس سفر کی رفتار کے سامنے سمٹ کر رہ گئے، ایک اشاراتی تصور ہے، گویا کائنات کی وسعتیں بھی اس سفر کے درمیان حائل نہ ہو سکیں۔ یہاں مراتب ادراک و شعور کے تناظر میں فاصلے اور وقت کی پیمائش کے فرق کو سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ جس مدت کو زمینی شعور ہزاروں برس کی طویل مسافت تصور کرتا ہے، قرآن مجید بعض مقامات پر اسی نوعیت کے زمانی پیمانے کو ایک دن کے برابر بیان کرتا ہے۔ ایک مقام پر ایک دن کی مقدار پچاس ہزار سال بھی بتائی گئی ہے۔ بلکہ ایک مقام پر اپنے بندے کی بیتائی ہوئی گذشتہ زندگی کے عرصہ کی بابت اندازے کے جواب میں اللہ عزوجل نے اس غیر معمولی استفہامی انداز میں قلیل ترین وقت کی طرف اشارہ فرمایا جیسے وہ کسی منقسم لمحے کے ہزارویں حصہ میں زندہ رہا ہو۔ گویا وقت اور فاصلے کا وہ پیمانہ جو انسانی ادراک کی محدود سطح پر حتمی دکھائی دیتا ہے، شعور کے بلند تر مراتب پر اپنی معنویت یکسر بدل لیتا ہے۔ نگاہ خرد کے زاویے سے دیکھا جائے تو صدیوں پر محیط، وقت کی وسعتوں میں پھیلا ہوا سفر، بدلتے ہوئے تیز رفتار ذرائع نقل و حرکت کے تناظر میں گویا ایک نینو لمحے میں سمٹ جانے والی فلیش بیک طرز کی مائیکرو ڈیجیٹل فلم کا منظر پیش کرتا ہے۔ اس مختصر ترین لمحے میں وقت کی طویل مسافتیں یوں ازسرنو متحرک ہو اٹھتی ہیں کہ ہر مرحل? سفر، ہر حرکت اور ہر عمل اسی ترتیب، کیفیت اور طبعی و وجودی حقیقت کے ساتھ روبہ عمل دکھائی دیتی ہے، جیسے وہ معمول کی حقیقی زندگی میں اپنے طبعی دورانیے کے مطابق وقوع پذیر ہوتا ہے۔

یقیناً ان اعتبارات میں انسانی شعور کے لیے ایک گہرا اشارہ اور دعوت فکر پوشیدہ ہے۔ اے ابن آدم! ذرا نگاہ بصیرت سے فطرت کے ان سربستہ رازوں اور سنہری قوانین کو شناخت کر، جن کی معرفت سے اربوں برس کی مسافت بھی ایک لمحاتی جنبش میں طے ہونے کا تصور وقوع پذیر ہوتا ہے۔ واقعہ معراج گویا حقیقت پر پڑے انہی حجابات کو اٹھانے، انسانی ادراک کی محدود سرحدوں سے آگے جھانکنے اور کائنات کے ان اسراروں پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے، جنہیں عام نگاہ دیکھنے سے قاصر ہے مگر وحی ان کی طرف رہنمائی ضرور کرتی ہے۔

 آگے چلیں تو ایک سوال جنم لیتا ہے، اگر ایک بشر کو زندہ حالت میں عالم بالا تک رسائی عطا ہو سکتی ہے تو آخر انسانی وجود کے امکانات کی آخری حد کیا ہے؟ معراج مصطفیٰ ? اپنی نوعیت کا منفرد معجزہ اور حضور اکرم  کا خصوصی شرف ہے۔ گو اسے عام انسانی استعداد پر قیاس نہیں کیا جا سکتا، تاہم اس واقعے نے انسانی تصور کے سامنے ایک ایسا امکان ضرور روشن کیا کہ بشر کی حقیقت صرف اس کے ظاہری جسم، مادی ہیئت اور زمینی قیام تک محدود نہیں۔ انسان کی روحانی رفعت، قرب الٰہی اور معرفت کے مدارج اس کے ظاہری وجود سے کہیں ماورا اور بلندتر ہیں۔انسانی وجود کی ہیئت اور دوسری مخلوقات کے احوال سے متعلق ایک اور فکری زاویہ بھی سامنے آتا ہے۔ قرآن مجید میں فرشتوں کے انبیاء￿  اور دیگر برگزیدہ ہستیوں کے پاس صورت انسانی میں آنے کا ذکر بطور سند موجود ہے۔ حضرت مریم سلام اللہ علیہا کے سامنے فرشتے کا بشر کی صورت میں ظاہر ہونا اور حضرت ابراہیم و حضرت لوط علیہما السلام کے پاس فرشتوں کی انسانی صورت میں آمد بھی ثابت ہے۔ حتیٰ کہ ابلیس کے، جو اپنی اصل میں جن ہے، انسانی صورت میں آنے کی مثال بھی کتب سیرت میں ملتی ہے۔ اس سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ فرشتے اپنی اصل مخلوقی حیثیت کے باوجود انسانی مشاہدے کے لیے ایک دوسری ہیئت میں ظاہر ہو سکتے ہیں۔ یہ مثال ایک اور فکری جہت کو ہمارے سامنے لاتی ہے کہ کیا انسان بھی افلاکی مسافتوں کے لیے (کسی اور جہان میں پہنچنے کے لیے) اپنے خاکی قالب اور ظاہری ہیئت کو چھوڑ کر متعلقہ جہان کے وجودی لباس کو اوڑھ سکتا ہے؟ کیونکہ یہ حقیقت تو ثابت ہو چکی کہ صرف ظاہری روپ کسی وجود کے مکمل خواص کا احاطہ نہیں کرتا۔ اگر یہ تمثیلات ادنیٰ مخلوقات میں درج حقیقت پر ثابت ہیں، پھر انسان کا شرف تو اشرف المخلوقات ہونا ہے، تو اس کی روحانی تطہیر اور باطنی ارتقا اس کے وجود کی ایسی کتنی جہتیں آشکار کر سکتا ہے جن کا عام انسانی شعور کو ابھی ادراک تک نہیں۔ یہاں اس فطری اصول سے صرف نظر نہیں ہو سکتا کہ اللہ جب فرشتے کو عالم انسان میں بھیجتا ہے تو اسے بشری قالب میں ہی ظاہر ہونا ہوتا ہے۔ بعینہ?، انسان کے مذکورہ سفر کے لیے کیا خاکی لباس کے ساتھ یا اس کے بغیر، دونوں امکانات موجود ہیں؟ یا انسان کے لیے عالم بالا میں سفر کے لوازمات میں ایسی شرائط و ضوابط معطل ہیں؟انسان کو خلافت ارضی اور خصوصی شرف عطا کیے جانے کا تصور اس سوال کو مزید وسعت دیتا ہے۔ اگر انسان کو محض ایک خاکی پیکر سمجھنے کی بجائے صاحب روح، صاحب شعور اور صاحب معرفت ہستی کے طور پر دیکھا جائے تو اس کے امکانات ظہور و تجلیات کا دائرہ بھی نہ صرف یکسر تبدیل ہو جاتا ہے بلکہ نئی جہتیں اور جہان حیرت کھولتا ہے۔ اس تناظر میں طہارت باطن، تزکی? نفس، اخلاص بندگی اور قرب الٰہی محض اخلاقی اصطلاحات نہیں رہتیں بلکہ انسانی ارتقا کے بنیادی مدارج کی حیثیت اختیار کر لیتی ہیں۔ اگرچہ اس روحانی و معنوی ارتقا کو فرشتوں جیسی مخلوق کی ہیئت اختیار کرنے کے جامع مفہوم میں نہیں لیا گیا، تاہم افضل البشر حضرت محمد مصطفیٰ ? کا واقع? معراج اس حقیقت کی ایک لاثانی شہادت ہے کہ انسانی عظمت و رفعت کے امکانات ہماری عام فہمی حدود و قیود سے کہیں آگے وسعت رکھتے ہیں، مگر یہ خاصان خاص، کامل وجود انسانی کے دائرہ عوامل و مشاہدات سے باہر نہیں۔ ہر مخلوق، بشمول فرشتے، کی ایک حد ہے، مگر انسان اگر اپنی اصل کو پہنچ جائے تو اس کے لامتناہی امکانات (Probabilities) کو شمار میں لانا بھی ناممکنات کا ہی حصہ بن جاتا ہے۔ پھر وہ وجود کی اسی ٹہنی سے وابستہ دکھائی تو دیتا ہے، مگر اپنی اصل، اپنی لطافت اور اپنے رنگ و آہنگ میں اس سے یکسر جدا ایک نئی صورت و کیفیت کا روپ اپناتا ہے۔ جیسے کسی شاخ پر رنگا رنگ، لطیف اور نازک پتیاں بنچ میں یکجا ہو کر پھول کی صورت اختیار کر لیں اور پھر اپنی خوشبو سے پورے ماحول کی رگ و پے میں ایک ان دیکھی مہک بھر دیں۔ یہ خوشبو آنکھ سے تو دکھائی نہیں دیتی، مگر اپنے لطیف اثرات سے اعلیٰ قلوب و اذہان کو معطر و مسخر بھی کرتی ہے۔ اس کی موجودگی کا احساس دید سے نہیں، تاثیر سے جنم لیتا ہے