چین میں خوفناک لینڈ سلائیڈ سے 4افراد ہلاک، 17پھنس گئے

پہاڑی علاقہ بلند اوردشوارگزار،امدادی کارروائیوں میں مشکلات ، لیول ٹوایمرجنسی الرٹ جاری  
بیجنگ (آئی این پی )چین کے جنوب مغربی صوبے گوئژو میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 4افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 17افراد ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔ چینی میڈیارپورٹس کے مطابق واقعہ وا دا فنگ کائو نٹی میں پیش آیا، جہاں پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دا فنگ کائونٹی کے دو مختلف علاقوںچانگشی اور گووا  میں دو الگ الگ لینڈ سلائیڈز ہوئیں، ان واقعات میں بالترتیب دو اور انیس افراد ملبے تلے دب گئے۔چینی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی فضائی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کیچڑ نے پورے گائوں کو ڈھانپ لیا ہے، کھیت مٹی میں دفن ہو گئے ہیں اور پانی پہاڑ کے دامن میں جمع ہو گیا ہے۔حکومت نے اس قدرتی آفت کے بعد جغرافیائی ہنگامی حالات کے لیے لیول IIایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ وزارت قدرتی وسائل نے ریسکیو آپریشن میں مدد کے لیے ایک ماہر ٹیم روانہ کر دی ہے۔ تاہم وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے کہا ہے کہ پہاڑی علاقہ بلند اور دشوار گزارہے جس کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مشکل ہو رہی ہیں۔