بھارت کشمیر کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے پاکستانی مندوب

کشمیر ی عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت کے منتظر ،مسلح تنازعات میں شہریوں کے تحفظ کیلئے فوری عالمی اقدام ضروری ہے
 غزہ میں ہسپتالوں پر حملے پر سلامتی کونسل کو فوری ردعمل دینا چاہیے، انسانی حقوق کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ،عاصم افتخارکا سلامتی کونسل میں خطاب
نیو یارک(آئی این پی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی قبضے کے تحت منظم جبر و تشدد کا شکار ہیں، مسلح تنازعات میں شہریوں کے تحفظ کیلئے فوری عالمی اقدام ضروری ہے۔اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مسلح تنازعات میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت غیرقانونی طور پر کشمیر کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت کے منتظر ہیں۔مسلح تنازعات میں شہریوں کے تحفظ کیلئے فوری عالمی اقدام ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت حالیہ جنگ کے دوران بھارتی حملوں میں 40شہری شہید، 120سے زائد زخمی ہوئے، پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہسپتالوں پر حملے پر سلامتی کونسل کو فوری ردعمل دینا چاہیے، انسانی حقوق کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، انسانی امدادی کارکنوں اور اقوام متحدہ کے عملے کو تحفظ دیا جائے۔