بحرین نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے آبنائے ہرمز میں طاقت کے استعمال کی منظوری کی درخواست پیش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق، بحرین نے مسودہ قرارداد میں ’تمام ضروری اقدامات‘ کی اجازت دینے کی سفارش کی ہے تاکہ بحری اتحاد کے ذریعے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس بھی اس معاملے پر متبادل قرارداد تیار کرنے میں مصروف ہے۔آبنائے ہرمز کا بحران اس وقت شدت اختیار کر گیا ہے کیونکہ ایران نے اس اہم تیل و گیس کی راہداری کو جزوی طور پر بند کر دیا ہے، جو دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل و گیس کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
اس اقدام کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ راستہ صرف امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے بند ہے، جبکہ دیگر ممالک کے جہاز محدود پیمانے پر گزر رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر امریکا ایران کے پاور پلانٹس پر حملہ کرتا ہے تو ایران پورے خطے میں توانائی، معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس کے عالمی معیشت پر بھی شدید اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔