ملی نغمہ جاری ،صدر ،وزیر اعظم ، تینوں سروسز چیفس شرکت کرینگے
اسلام آباد ،راولپنڈی (خصوصی رپورٰٹ) یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا اس دن کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کی جانب سے ملی نغمہ جاری کر دیا گیا۔ جاری ملی نغمے کے بول میرے محبوب پاکستان، میری جان پاکستان ہیں، ملی نغمے کو معروف گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے۔ تقریب میں صدرمملکت ، وزیر اعظم، تینوں سروسز چیفس شرکت کرینگے ، پریڈ ایوان صدر کے احا طہ میں ہوگی ۔پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے فلائی پاسٹ کریں گے ،صدر مملکت تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، مسلح افواج کے دستے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کریں گے ،اس دن کی مناسبت سے وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں، تمام ڈویڑنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ،خوشحالی کی دعائیں کی گئیں جبکہ شہدا کی آخری آرام گاہوں پر فاتحہ خوانی پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی ، قومی سول اعزازات کی تقسیم کی تقریب ا مسال 23 کے بجائیکل 24مارچ پیر کو منعقد کی جائیگی ، یو م پاکستان کے موقع پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیوی ٹریفک کیلئے روٹ پلان جاری کر دیا گیا ،ٹریفک پولیس کے مطابق 22 مارچ رات 12 بجے سے23 مارچ سہ پہر 3 بجے تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا اسلام آباد میں داخلہ ممنوع ہو گا، 23 مارچ 6 بجے صبح سے دن ایک بجے تک سری نگر ہائی وے سیونتھ ایونیو سے کوڑیانوالہ چوک تک آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کیلئے بند ہو گی۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری پلان کے مطابق بہارہ کہو جانے والی ٹریفک سیونتھ ایونیو سے پاک چائنہ روڈ، راول ڈیم چوک، کشمیر چوک اور کلب روڈ کا
استعمال کرے، روٹ کے باعث سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک تعطل کا شکار رہے گی۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق پشاور سے لاہور جانے و الی ہیوی ٹریفک براستہ ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹر وے استعمال کرے، لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد، راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے کا استعمال کرے ،ٹریفک پولیس کے پلان کے مطابق جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے شہری ٹیکسلا موٹر وے، چکری، چک بیلی روڈ، روات استعمال کریں اور لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے شہری روات، چک بیلی روڈ چکری، ٹیکسلا موٹر وے استعمال کریں ، ادھر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے پاکستان ڈے پریڈ کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا جس کے تحت 121 افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ، ڈیوٹی صبح 5 بجے ان پوزیشن ہو گی ٹریفک پلان کے مطابق ہیوی ٹریفک کا داخلہ راولپنڈی شہر میں ممنوع ہوگا اور دیگر ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا ج آ گا جبکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس پشاور سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو اٹک پل، ہروپل، مارگلہ، ٹیکسلا اور چونگی نمبر 26 پر روکے گی اور لاہور کی طرف سے جی ٹی روڈ پر آنے والی دیگر ٹریفک کو گجرات جہلم پل، مندرہ ٹول پلازہ اور روات ٹی چوک روکا ج آ گا جبکہ باقی ٹریفک کو راولپنڈی کی طرف ڈائیورٹ کیا ج آ گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پوری قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بانیان اور تحریکِ پاکستان کے کارکنوں کی عظیم قربانیوں اور انتھک محنت کے نتیجے میں وجود میں آیا ،کامیابی کے حصول کیلئے ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کو مشعل راہ بنانا چاہیے۔ ہمیں قومی سلامتی کو مستحکم کرنے، معیشت کو بحال کرنے، زراعت کو ترقی دینے، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اپنی نوجوان نسل کے لیے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی ، وزیراعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے پاکستان کی خود مختاری اور استحکام کی بڑی بہادری سے حفاظت کرنے میں مصروف عمل ہیں، ملک کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں،ہماری قوم مضبوط ، متحد اور کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے،افراط زر شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کیساتھ ہم نے معیشت کو مضبوط کیا ،اب وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں ، ہم ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر جاری رکھیں گے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،یومِ پاکستان ہمیں اس وعدے کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔