خواتین کو بااختیار بنانا محض ایک سماجی ہدف نہیں بلکہ قومی ضرورت ہے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ حکومتِ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے اور قومی زندگی کے ہر شعبے میں ان کی موثر شمولیت کے لئے پرعزم ہے، خواتین کو بااختیار بنانا قومی ترقی، معاشی نمو، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار امن کے قیام کے لئے ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)اور نیکٹا کے اشتراک سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس خواتین بطور امن لیڈرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس میں پالیسی سازوں، سکیورٹی ماہرین، ماہرین تعلیم، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی اور امن کے فروغ، انتہاپسندی کے انسداد اور قومی استحکام میں خواتین کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا وڑن ایک ایسا پاکستان ہے جہاں ہر بچی تعلیم حاصل کر سکے، ہر خاتون قیادت کے مواقع سے مستفید ہو اور ہر شہری ملک کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا محض ایک سماجی ہدف نہیں بلکہ قومی ضرورت ہے۔