دہشتگردی کا سب سے زیادہ نشانہ پاکستان بنا، یوسف رضا گیلانی

دہشتگردی کا سب سے زیادہ نشانہ پاکستان بنا، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے، افواجِ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دے کر کامیاب آپریشنز کیے۔

چیئرمین سینیٹ نے یہ بات اسلام آباد میں ایک قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال، پاکستان کی قربانیوں اور افغانستان سے تعلقات پر کھل کر گفتگو کی۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر جنگ لڑی اور بے شمار جانی و مالی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیاں دیں، جنہیں دنیا کو تسلیم کرنا چاہیے۔چیئرمین سینیٹ نے افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بدامنی کا اثر ہمیشہ پاکستان پر پڑا ہے، جب بھی وہاں حالات خراب ہوتے ہیں، مہاجرین پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔

 پاکستان نے ہمیشہ انسانی بنیادوں پر افغان مہاجرین کو پناہ دی اور ان کی ہر ممکن مدد کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں کردار ادا کیا ہے، چاہے وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر ہو یا خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں ہوں، پاکستان ہمیشہ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ملک میں پائیدار امن کے لیے قومی یکجہتی، قبائلی ہم آہنگی اور بین الاقوامی شراکت داری ناگزیر ہے۔ انہوں نے قبائلی عمائدین اور عوام پر زور دیا کہ وہ ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا بھرپور ساتھ دیں۔