ترکیہ کا شام کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کیلئے براہِ راست مداخلت کا اعلان

 شام میں اسرائیل کا اصل مقصد ملک کو تقسیم کرنا ہے ،ہم اس پالیسی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،وزیرخارجہ  
انقرہ (آئی این پی )ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حکان فیدان نے کہا ہے کہ انقرہ شام کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے براہِ راست مداخلت کرے گا اور لڑاکا گروہوں کی جانب سے خودمختاری حاصل کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنائے گا، یہ بیان جنوبی شام میں حالیہ جھڑپوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انقرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حکان فیدان کا کہنا تھا کہ شام کی تقسیم کے خلاف ان کی یہ وارننگ دراصل اسرائیل کے لیے ہے، کیوں کہ ترکیہ کا ماننا ہے کہ شام میں اسرائیل کا اصل مقصد ملک کو تقسیم کرنا ہے۔انہوں نے گذشتہ ہفتے دمشق پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شام میں امن و استحکام قائم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ حکان فیدان کے مطابق جنوبی صوبہ سویدا میں دروز جنگجوئوں اور شامی بدو قبائل کے درمیان لڑائی اسرائیل کی علاقائی عدم استحکام کی پالیسی کا حصہ ہے۔حکان فیدان نے کہا کہ اسرائیل ایک منقسم شام چاہتا ہے تاکہ ملک کو کمزور کر کے پورے خطے کے لیے بوجھ بنا دیا جائے، انشااللہ، ہم اس پالیسی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔