12500ایس ٹی آئیز بھرتی التوا کا شکار،منظوری نہ مل سکی

 ریکروٹمنٹ 3ماہ قبل ہونا تھی، آج آرڈرز،اساتذہ کی بھرتیوں کاآغاز متوقع
لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبے بھر میں فیز ٹو کے تحت ساڑھے بارہ ہزار سکول ٹیچرز انٹرنز (ایس ٹی آئیز)کی بھرتی کا عمل تاحال التوا کا شکار،محکمہ تعلیم کے مطابق عارضی اساتذہ کی ریکروٹمنٹ یکم دسمبر 2025 سے شروع ہونا تھی تاہم متعلقہ کمیٹی سے منظوری نہ ملنے پر یہ عمل روک دیا گیا۔ بھرتی کے تمام ابتدائی انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے لیکن حتمی منظوری نہ ملنے سے شیڈول متاثر ہوا۔ دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ریکروٹمنٹ آرڈرز آج 24 فروری کو جاری کیے جائینگے جسکے بعد بھرتیوں کا باقاعدہ آغاز متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق فیز ون میں بھی تقریباً ساڑھے بارہ ہزار ایس ٹی آئیز گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس سے عارضی اساتذہ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ بروقت معاوضہ نہ ملنے سے شدید معاشی مسائل کاشکار ہیں ۔محکمہ تعلیم کے مطابق کابینہ سے منظوری ملتے ہی نا صرف نئی بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا بلکہ زیر التواتنخواہیں بھی جاری کر دی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت تعلیمی نظام کے تسلسل اور اساتذہ کے مسائل حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور جلد پیشرفت متوقع ہے۔