دیپالپور:ستھرا پنجاب کے 500اہلکاروں میں راشن تقسیم

دیپالپور (خصوصی رپورٹ) دیپالپور کے بلدیہ گرائونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی رائو محمد اجمل خان کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ستھرا پنجاب پروگرام کے اہلکاروں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مستحق خاندانوں کے لیے خصوصی راشن پیکیج تقسیم کیے گئے، تقریب کی صدارت ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو و ضلعی لیگی رہنما رائو سعد اجمل خان نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور فیصل شہزاد چیمہ اور بیرسٹر رائو فہد اجمل خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر رائو محمد اجمل خان کی جانب سے ستھرا پنجاب کے 500 مستحق خاندانوں میں اشیائے ضروریہ پر مشتمل راشن پیکیج تقسیم کیے گئے جن میں گھی، چینی، چاول، دالیں، چائے اور دیگر بنیادی ضرورت کی اشیاء شامل تھیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رائو سعد اجمل خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور رائو محمد اجمل خان نے ہمیشہ اپنے وعدوں کی پاسداری کی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کو ترجیح دی ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی محرومیوں کا ازالہ ہر ممکن طریقے سے کیا جائے گا۔