بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے 179 افغان شہریوں کو گرفتار کیا ہے، جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔
انتظامی ذرائع کے مطابق، گرفتار افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور یہ لوگ بعد ازاں ایران کے راستے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تمام گرفتار افراد کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر دیے گئے ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے ضلع چاغی میں نوکنڈی کے قریب دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 9 افغان شہری سمیت 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک پک اپ گاڑی تیز رفتاری کے باعث آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ایس ایس پی چاغی محمد شریف کلہوڑو کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ جاں بحق افغان شہری ایران کے راستے یورپی ممالک جانے کی کوشش کر رہے تھے، اور یہ واقعہ غیر قانونی ہجرت کے خطرات کو واضح کرتا ہے۔