اکائونٹ ملزم کودیاگیا تو وہ مقدمے کا باعث بننے والی ویڈیوز ڈیلیٹ کر سکتا :وکیل
لاہور (کرائم رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے دورانِ حراست ضبط کیے گئے اکائونٹس اور سامان کی سپرداری سے متعلق درخواست فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے خارج کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی۔ این سی سی آئی اے کے وکیل نے مئوقف اختیار کیا کہ یوٹیوبر سعد الرحمان اب تک آٹھ ویڈیوز اپلوڈ کر چکا ہے، جبکہ یوٹیوب اکائونٹ بدستور مالِ مقدمہ ہے، اس کے باوجود ویڈیوز کیسے اپلوڈ ہو رہی ہیں۔ وکیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر اکائونٹ ملزم کے حوالے کیا گیا تو وہ مقدمے کا باعث بننے والی ویڈیوز ڈیلیٹ یا ایڈیٹ کر سکتا ہے۔سعد الرحمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ بیانِ حلفی جمع کرا چکے ہیں اور کسی ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔ ویڈیوز سعد الرحمان نے نہیں بلکہ اس کے ایڈیٹر نے اپلوڈ کیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ ایڈیٹر کون ہے، جس پر سعد الرحمان نے بتایا کہ اس کا ایک دوست ہے جو حیدرآباد میں رہتا ہے۔