ملک کے مختلف شہروں میں برائلر مرغی اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کو جزوی ریلیف ملا ہے۔
سرکاری نرخنامے کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ انڈے بھی مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں۔
لاہور میں سرکاری نرخنامے کے مطابق زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 374 روپے فی کلو جبکہ پرچون ریٹ 388 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ مرغی کے گوشت کی قیمت 562 روپے فی کلو ہے، جو کہ 22 روپے فی کلو کمی کے بعد مقرر ہوئی ہے۔ شہر میں انڈے 363 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔
ملتان میں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 363 روپے فی کلو اور پرچون ریٹ 377 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ یہاں مرغی کے گوشت کی قیمت 547 روپے فی کلو ہے، جس میں 13 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انڈے 354 روپے فی درجن دستیاب ہیں۔
فیصل آباد میں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 359 روپے فی کلو جبکہ پرچون ریٹ 373 روپے فی کلو ہے۔ مرغی کے گوشت کی قیمت 540 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جو کہ 22 روپے فی کلو سستی ہوئی ہے۔ فیصل آباد میں انڈوں کی قیمت 363 روپے فی درجن رکھی گئی ہے۔
پشاور میں بھی مرغی کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں زندہ برائلر مرغی کی قیمت 15 روپے فی کلو کم ہو کر 430 سے 415 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
تاجروں کے مطابق سپلائی میں بہتری اور طلب میں کمی کے باعث قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ شہریوں نے قیمتوں میں اس کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ تاہم عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ریلیف عام صارف تک پہنچ سکے۔