انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے فاسٹ بولر برائیڈن کارس کی نائٹ کلب کے باہر ہتھکڑیوں میں جکڑے ہونے کی ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، یہ ویڈیو ہفتہ کی شب ڈرہم کے ایک نائٹ کلب کے باہر کی ہے، جہاں پولیس اہلکار برائیڈن کارس کو ہتھکڑیوں کے ساتھ گرفتار کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔برائیڈن کارس اس وقت پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں، مگر پہلے ٹیسٹ میں جگہ نہ ملنے کے باعث انہیں ڈرہم کی کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔ڈرہم نے ڈربی شائر کو تین دن میں شکست دی، جس کے بعد کارس اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ جشن مناتے ہوئے نظر آئے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کارس کو پولیس اہلکاروں کے گھیرے میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے ساتھی میتھیو پوٹس اور سابق انگلش کپتان بین اسٹوکس بھی پس منظر میں دکھائی دے رہے ہیں۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔یہ واقعہ انگلینڈ ٹیم میں شراب نوشی اور کھلاڑیوں کے آف فیلڈ رویے سے متعلق حالیہ تنازعات کے پس منظر میں سامنے آیا ہے، اور کارس کی لارڈز میں پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شرکت بھی اب سوالیہ نشان بن گئی ہے۔