مختلف ایئرپورٹس پر 18 گرفتار ، بیشترملزم عمرہ ادائیگی کی آڑ میں منشیات لے جا رہے تھے اور پکڑے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) اے این ایف نے ملک کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس پر منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاو?ن کرتے ہوئے خلیجی ممالک کو منشیات اسمگل کرنے کی 12 کوششیں ناکام بنا دیں۔ انٹیلی جنس بیسڈ 12 کارروائیوں کے دوران 18 ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 46.936 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات میں 37.654 کلوگرام آئس، 2.500 کلوگرام ہیروئن اور 6.762 کلوگرام نشہ آور گولیاں شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین روانہ ہو رہے تھے، جبکہ بیشتر ملزمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے۔کارروائیوں کے دوران جعلی فری عمرہ پیکجز کے ذریعے منشیات کی ترسیل کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نامعلوم افراد کے پارسل یا اشیا اپنے ہمراہ بیرون ملک لے جانے سے گریز کریں، کیونکہ نامعلوم اشیا یا پارسل کی ترسیل سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق خلیجی ممالک کو منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مو ثر کارروائیاں جاری ہیں۔ انٹیلی جنس معلومات اور ایئرپورٹس پر مو ثر نگرانی کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔ متعلقہ اداروں کے تعاون اور عوامی آگاہی کے ذریعے بھی انسدادِ منشیات اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔