سڈنی (آئی این پی)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے پاکستان کے سابق اسپنر سعید اجمل کو اپنا مشکل ترین حریف قرار دے دیا۔پیٹ کمنز نے پرائم ویڈیو اسپورٹس کو ایک خصوصی انٹرویو دیا ہے جس میں ان سے مختلف ممالک کے ایسے کھلاڑیوں کے نام پوچھے گئے جن کا سامنا کرنا ان کے لیے سب سے مشکل رہا۔انہوں نے پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے سعید اجمل کا انتخاب کیا اور ان کے خلاف کھیلتے ہوئے پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔پیٹ کمنز نے بتایا کہ آخری بار جب میں نے سعید اجمل کا سامنا کیا تھا تو ان کی گیند پر میں اس قدر حیران ہوا اور مجھے سمجھ ہی نہیں آئی کہ گیند کس طرح وکٹیں اڑا کر نکل گئی اور میں کلین بولڈ ہو گیا۔ان کا کہنا ہے کہ میں نے اس سے پہلے کبھی ایسی گیند نہیں دیکھی تھی۔واضح رہے کہ سعید اجمل نے 2008 سے 2015 تک پاکستان کی نمائندگی کی۔