کراچی (آئی این پی) معروف اداکار اور گلوکار ہارون شاہد نے اپنی پہلی فلم ورنہ کے حوالے سے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار کرینہ کپور خان کو ابتدا مرکزی کردار کے لیے زیرِ غور لایا گیا تھا۔ حالیہ انٹرویو کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہا ہے، جس میں اداکار نے شعیب منصور کی 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ورنہ کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے اس کی ابتدائی کاسٹنگ سے متعلق ایک غیر متوقع تفصیل بیان کی۔ہارون شاہد کے مطابق کرینہ کپور ابتدا میں فلم ورنہ کا حصہ بننے والی تھیں، تاہم پہلے بچے کی توقع کے باعث وہ اس منصوبے سے الگ ہوگئیں، جس کے بعد ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیا۔اداکار نے کہا کہ میرے لیے دونوں اداکاراں کا شمار بڑی شخصیات میں ہوتا ہے، ان کے ساتھ کام کرنے کا میرا تجربہ ایک غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ماہرہ خان سے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ہارون شاہد نے ان کی عاجزی اور سادگی سے متاثر ہونے کا بھی اعتراف کیا۔