وزیراعلیٰ سندھ سے ترکیہ اور بنگلادیشی سفارتکاروں کی ملاقات، سرمایہ کاری پر اتفاق

 سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی، کراچی بہترین شہر، لوگ محبت کرنے والے ہیں، سفیر
کراچی(آئی این پی )وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ سے ترکیہ اور بنگلادیشی سفارتکاروں نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری اور باہمی تجارت پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے ترکی کے نئے قونصل جنرل ارگل کدک کی سندھ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں، جنہیں مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت ترکیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ملاقات کے دوران وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک عملی اقدامات کر رہے ہیں۔مراد علی شاہ نے ترک سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں توانائی، پانی اور سڑکوں سمیت مختلف میگا پروجیکٹس جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد آبادی کا شہر ہے اور یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں