چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھے گا اور جہاں بھی یہ عناصر موجود ہوں گے، انہیں بھرپور انداز میں نشانہ بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں کمانڈر پشاور کور نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہیں صوبے کی سکیورٹی صورت حال، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور سکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سرحدی انتظامات اور مختلف فارمیشنز کی تعیناتی کے حوالے سے آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ جذبے اور خدمات کو سراہا اور ہدایت کی کہ خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کی تربیت اور پیشہ ورانہ تیاری برقرار رکھی جائے۔
اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھے گا اور ان عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام، سکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو شکست دی جائے گی۔