منڈی احمد آبادمیں بہنوئی کی فائرنگ سے سالی قتل

ملزم غلام نبی بیوی سے طلاق میں فضیلت کو ذمہ دار سمجھتا تھا، فرار ہوگیا 
دیپالپور(خصوصی رپورٹ) اوکاڑہ کے علاقہ منڈی احمد آباد میں بہنوئی نے گھر میں گھس کر مبینہ طور پر اپنی سالی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم واردات کے بعد فرارہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق منڈی احمد آباد کے محلہ کریم آباد میں جامع مسجد حق چار یار کے امام و خطیب حافظ محمد اکبر قادری کریمی کی اہلیہ فضیلت بی بی کو مبینہ طور پر اس کے بہنوئی غلام نبی نے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا۔ مقتولہ سات بچوں کی ماں تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کی لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی۔ حافظ محمد اکبر قادری کریمی کے مطابق ملزم غلام نبی گھر میں داخل ہوا اور اس کی اہلیہ پر فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔ ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ عناد خاندانی تنازع بتایا گیا ہے۔ مدعی کے بیان کے مطابق ملزم غلام نبی کی شادی مقتولہ کی بہن سے ہوئی تھی، تاہم کچھ عرصہ قبل مقتولہ فضیلت کی بہن نے اپنے شوہر سے طلاق لے لی تھی، جس کا ملزم کو رنج تھا۔ الزام ہے کہ ملزم مقتولہ فضیلت کو اس طلاق کا ذمہ دار سمجھتا تھا اور اسی رنجش کی بنا پر اس نے مبینہ طور پر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی جبکہ ملزم کی گرفتاری اور قتل کے اصل محرکات کے تعین کیلئے مزید کارروائی جاری ہے۔