نیوزی لینڈ ڈیفنس فورس کے سربراہ ٹونی ڈیوس نے دورانِ ملازمت نامناسب تعلقات اور فیصلوں میں غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
نیوزی لینڈ ڈیفنس فورس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹونی ڈیوس نے وزیر دفاع پال گولڈ اسمتھ کو اپنے استعفے سے آگاہ کردیا ہے۔ ڈیوس نے اپنے فیصلے کو ذاتی وجوہات اور ماضی میں کیے گئے بعض غلط فیصلوں کا نتیجہ قرار دیا، جن کی ذمہ داری وہ خود قبول کرتے ہیں۔ٹونی ڈیوس نے اپنے بیان میں کہا کہ ان سے ایسے فیصلے ہوئے جو دفاعی فورس کی اقدار کے منافی تھے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ معاملات اس وقت ایک نامناسب تعلق سے متعلق تھے جب وہ یونٹ کمانڈر کے عہدے پر فائز تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ جب انہیں ان معاملات کے بارے میں آگاہ کرنے کا موقع ملا تو وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ ان کے مطابق ان غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ ڈیفنس فورس نے واضح کیا کہ ٹونی ڈیوس کے استعفے کے بعد وائس چیف میٹ ولیمز قائم مقام سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، تاکہ ادارے کی قیادت اور معمول کے امور جاری رہ سکیں۔ٹونی ڈیوس کے استعفے کے حوالے سے نامناسب تعلقات کی نوعیت اور اس معاملے کی مزید تفصیلات سرکاری بیان میں ظاہر نہیں کی گئیں۔ تاہم، ان کے اپنے بیان کے مطابق یہ معاملہ ان کے یونٹ کمانڈر رہنے کے دور سے متعلق تھا اور اس میں دفاعی ادارے کی اقدار کے خلاف فیصلے شامل تھے۔