آزاد کشمیر کے شہری پاکستان میں جج کی اسامیوں کیلئے اہل نہیں:اسلام آباد ہائیکورٹ

 شہری پاکستانی شہریت کے معیار پر پورا نہیں اترتے:چیف جسٹس‘ آزاد کشمیر کے ڈومیسائل کے حامل امیدواروں کی اہلیت کی درخواست مسترد
 اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سول و سینیئر سول ججز کی بھرتیوں کے لیے آزاد کشمیر کے ڈومیسائل کے حامل امیدواروں کو نااہل قرار دے دیا۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سول اور سینیئر سول جج کی نشستوں کے لیے اہل امیدواروں کی اہلیت سے متعلق اہم اور بڑا فیصلہ سنا دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامی سائیڈ پر آزاد کشمیر کے ڈومیسائل کے حامل امیدواروں کی اہلیت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے  آزاد کشمیر کے شہری پاکستانی شہریت کے معیار پر پورا نہیں اترتے، اس لیے وہ اسلام آباد کی عدالتوں میں جج کی اسامیوں کے لیے اہل نہیں ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے امتحانات ڈیپارٹمنٹ نے اپلائی کرنے والے آزاد کشمیر کے شہری کو باضابطہ خط کے ذریعے عدالتی فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔جس میں کہا گیا کہ ججوں کی بھرتی سے متعلق آزاد کشمیر کے شہری کی درخواست 30 ستمبر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش کی گئی تھی، جسے چیف جسٹس نے مسترد کردیا۔اسلام آباد جوڈیشل سروس رولز کے تحت سول و سینیئر سول جج کی بھرتی کے لیے پاکستان کا شہری ہونا لازمی ہے