اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ عمران خان کی سیاسی قبر ان کے اپنے ہی کھودیں گے، اور اب یہ حقیقت بن چکی ہے۔
فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ بشریٰ بی بی کے خطرناک بیان کے بعد ان کی پیش گوئی درست ثابت ہوئی ہے۔فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ اگر 24 نومبر کو اسلام آباد آنے کی کوشش کی گئی، باوجود ہائی کورٹ کے حکم کے، تو توہینِ عدالت کی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف ایم این اے اور ایم پی اے کی نشستیں ختم ہو سکتی ہیں، بلکہ حکومت سخت کارروائی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت میں ہاؤس اریسٹ یا گرفتاری اور مچھ جیل تک بھی بات پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی تنبیہ کی کہ جو لوگ رہا ہوئے ہیں، ان کی دوبارہ گرفتاری بھی ہو سکتی ہے۔