سرحدی علاقے میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ، حملوں سے قبل شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی تھی، اسرائیلی فوج کا دعویٰ
اسرائیلی طیاروں نے تدمر میںایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے اجلاس کو نشانہ بنایا،مارے جانیوالوں میں 53شامی، 22غیرملکی اور 4حزب اللہ کے حمایتی جنگجو شامل ،شامی مانیٹرنگ گروپ
بیروت؍ دمشق(آئی این پی)اسرائیل کی لبنان کے مشرقی حصے پر حملے میں 47 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔جبکہ شام کے شہر تدمر میں اسرائیلی حملے میں ایرانی حمایت یافتہ 79جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے لبنان اور شام کے سرحدی علاقے میں اندھا دھند بمباری کی جس کے نتیجے میں 47 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور حملوں سے قبل شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی قصبے نہاریا پر لبنان سے 10 راکٹ فائر کیے گئے۔ راکٹ حملے میں 30 سالہ اسرائیلی شخص ہلاک ہوگیا جبکہ زیادہ تر راکٹس کو ہدف تک پہنچنے سے قبل تباہ کردیا گیا۔حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ حملے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب شام کے شہر تدمر میں اسرائیلی حملے میں ایرانی حمایت یافتہ 79جنگجو جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شامی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ تدمر شہر میں گذشتہ روز اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا۔حملے میں ہلاک 79افراد میں 53شامی، 22غیرملکی اور 4حزب اللہ کے حمایتی جنگجو شامل تھے۔شامی مانیٹرنگ گروپ نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے اجلاس کو نشانہ بنایا تھا۔دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے شامی حکام نے تدمر میں اسرائیلی فضائی حملے میں اموات کی تعداد 36بتائی ہے۔