غیر جانبدار تفتیش پر کسی قسم کا سمجھوتا برداشت نہیں کیا جائے گا:ایس ایس پی انویسٹی گیشن
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیرِ صدارت تبدیلی تفتیش فرسٹ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کینٹ اور سول لائنز ڈویڑن کے ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران قتل، امانت میں خیانت، چیک ڈس آنر، دھوکہ دہی اور چوری سمیت 49 مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بورڈ کے دوران افسران نے دونوں فریقین کو سننے کے بعد مختلف مقدمات میں تفتیش کی تبدیلی سے متعلق احکامات جاری کیے۔ مدعی سہیل احمد قتل، فیاض احمد اور امجد جاوید امانت میں خیانت، محمد عظیم دھوکہ دہی، مدعیہ مہوش رفیق چیک ڈس آنر جبکہ عابد علی اور سجاد حیدر چوری کے مقدمات میں تفتیش کی تبدیلی کے لیے پیش ہوئے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے میرٹ کے برعکس تفتیش کرنے والے متعدد افسران کی سرزنش کرتے ہوئے شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور شکایات کا فوری ازالہ پولیس کی اولین ترجیح ہیانہوں نے واضح کیا کہ قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں اور غیر جانبدار تفتیش پر کسی قسم کا سمجھوتا برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایس ایس پی محمد نوید کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات میں زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تفتیشی نظام میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ مظلوم شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔