23 مارچ عزم و وفا کی انمٹ داستان ، قومی یکجہتی کی علامت ہے: وفاقی وزیر داخلہ

 23 مارچ عزم و وفا کی انمٹ داستان ، قومی یکجہتی کی علامت ہے: وفاقی وزیر داخلہ

یومِ پاکستان پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت اور عظیم نظریے و لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

وزیر داخلہ نے 23 مارچ کو قومی عزم، اتحاد اور یکجہتی کی علامت قرار دیتے ہوئے بانیانِ پاکستان اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قراردادِ لاہور نے واضح کیا کہ مسلمان الگ قوم ہیں اور انہیں سیاسی، معاشی اور جغرافیائی خودمختاری حاصل ہونی چاہیے۔محسن نقوی نے کہا کہ یومِ پاکستان قوم کو یاد دلاتا ہے کہ نظریات، اتحاد اور مسلسل جدوجہد کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور آج بھی پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایسے جذبے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے اصول—ایمان، اتحاد اور تنظیم—ہماری کامیابی کی ضمانت ہیں، اور قوم وطن کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ وزیر داخلہ نے عوام پر زور دیا کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو عملی طور پر اپنائیں تاکہ پاکستان کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔