پنجاب کی عورت معاشی طور پر مضبوط ہوگی تو صوبہ ترقی کرے گا مریم نواز

”سحر“ پروگرام کیلئے97 کروڑ مختص، خواتین کو لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، ڈیٹا پیکیج اور ماہانہ وظیفہ ملے گا، 5365 خواتین کو ووکیشنل ٹریننگ دی جائیگی
 پہلی مرتبہ  دہلیز پر ووکیشنل سکل پروگرام کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئیں گے‘ کورس کرنے والی خواتین باآسانی  روزگار کما کر معاشرے کا مفید شہری بن سکتی ہیں:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژنری اقدامات کے تحت پنجاب کی بیٹیوں کیلئے پہلی بار ”سکل انہانسمنٹ تھرو ہوم ریچ پروگرام“ (سحر)جیسامثالی پراجیکٹ کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت پنجاب بھر کی عام خواتین کو گھر بیٹھے فن اور ہنرمند بنایا جائیگا۔ہنرمند لیبر فورس میں خواتین کا تناسب بڑھانے کے”سحرپروگرام“ پر97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ صوبہ بھر میں 5365 خواتین کو گھر بیٹھے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی۔ دوردراز علاقے،سیمی اربن اور اربن علاقوں میں بیوٹیفکیشن سروسز، ہاسپٹیلٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ٹریننگ کورسز کرائے جائیں گے۔ پی ڈی سی پی کے ذیلی ادارے آئی تھم کے اشتراک سے 1260 خواتین کیلئے ہاسپٹیلٹی کورس کرائے جائیں گے۔ ”سحر“ پروگرام کے تحت کی ہاسپٹیلٹی ٹرینی خواتین کو کلنری آرٹس، بیکنگ، گیسٹ ریلیشن، فرنٹ ڈیسک اور ایٔر لائن مینجمنٹ سکھائی جارہی ہے۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ میں ”سحر“پروگرام کے تحت ہاسپٹیلٹی ٹریننگ کورس کے پہلے بیج نے ٹریننگ مکمل کر لی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سحر پروگرام میں ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین کیلئے کامیابی کی دعاکی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی عورت معاشی طور پر مضبوط ہوگی تو ملک بالخصوص پنجاب ترقی کرے گا۔پنجاب کی وویمن پاپولیشن کو قابل قدر اثاثہ بنارہے ہیں۔ ”سحر“پروگرام کے اجرا کا مقصد خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ بیوا، متعلقہ اور مینارٹی سے تعلق رکھنے والے خواتین کو سحرپروگرام میں ترجیح دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین کیلئے پہلی مرتبہ گھر کی دہلیز پر ووکیشنل سکل پروگرام کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئیں گے۔ٹریننگ کورس کرنے والی خواتین باآسانی اپنا روزگار کما کر معاشرہ کا مفید شہری بن سکتی ہیں۔ حکومت پنجاب”سحر“ پروگرام کے تحت ٹریننگ خواتین کے لئے جاب پلیسمنٹ کے مواقع بھی مہیا کرے گا۔پنجاب میں خواتین کیلئے گھر کی دہلیز پر ووکیشنل ٹریننگ کا مقصد صنفی مساوات قائم کرنا ہے۔