ایران کی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز بند کرنے کی منظوری دے دی

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی پارلیمنٹ نے امریکی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز بند کرنے کی منظوری دی ہے، حتمی فیصلہ ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کرے گی۔ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن میجر جنرل کوثری نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ پارلیمنٹ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر آبنائے ہرمز بند کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس کا نفاذ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلے پر منحصر ہے، اسی طرح ایرانی پاسداران انقلاب نے واضح کیا ہے کہ جب حالات کی ضرورت ہوگی تو آبنائے ہرمز بند کر دیں گے۔بتایا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی توانائی کی تجارت کا ایک اہم راستہ ہے جہاں سے عالمی تیل اور گیس کی تقریباً 20 فیصد ترسیل ہوتی ہے، اس کی بندش عالمی توانائی کی مارکیٹ میں شدید اثرات مرتب کرسکتی ہے، یہ فیصلہ ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد علاقائی صورتحال میں اضافی کشیدگی کے باعث سامنے آیا۔