ٹرمپ کی نوبل انعام کیلئے نامزدگی غلامی کی آخری حد ہے: بیرسٹر سیف

پشاور(آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبل انعام کے لئے نامزدگی غلامی کی آخری حد ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف خوشامد چھوڑ کر ایبسولوٹلی ناٹ کہنے کی ہمت پیدا کریں، اقتدار کیلئے خوشامد کے بجائے قیدی نمبر 804 بن جانا کہیں بہتر ہے، شہباز شریف خوشامد ضرور کریں مگر ملکی و قومی مفادات کا بھی خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے نوبل انعام یافتہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر براہِ راست حملہ کیا، صدر ٹرمپ نے 8 مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کی قراردادوں کو مسترد کیا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ایران اور اسرائیل میں ثالثی کے بجائے معصوم شہریوں پر حملے کئے جا رہے ہیں، جو مسلمانوں پر بم برسائے اسے نوبل انعام کیلئے نامزد کرنا ناقابلِ فہم ہے، خوشامد کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، شہباز شریف کیلئے یہ باعث شرم ہے۔