لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اقبال ٹاؤن ڈویڑن میں اینٹی کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یومِ آزادی کے موقع پر سکیورٹی اور امن و امان کے انتظامات قبل از وقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایس پی سکیورٹی، ایس پی اقبال ٹاؤن، سرکل افسران اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ یومِ آزادی کے دوران اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ڈالا کلچر ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔فیصل کامران نے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہوٹل آئی اور سمارٹ آئی ایپلی کیشنز کی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جھوٹے مقدمات یا غلط دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج کسی صورت قابل قبول نہیں ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی اور عزت و احترام سے پیش آئیں اور عوام کو بروقت انصاف اور بہتر پولیس سروس فراہم کی جائے۔اجلاس میں مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو خصوصی اہداف بھی دیے گئے۔ ایس ایچ او ہنجروال اور ساندہ کو نوسربازی میں ملوث عناصر کی گرفتاری، ایس ایچ او شیراکوٹ کو پبلک سروس ڈلیوری مزید بہتر بنانے، ایس ایچ او مسلم ٹاؤن کو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور ایس ایچ او نواں کوٹ کو موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر مؤثر کنٹرول کی ہدایات جاری کی گئیں۔فیصل کامران نے مزید ہدایت کی کہ کرایہ داروں اور پرائیویٹ ملازمین کی لازمی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے، جبکہ قحبہ خانوں اور قمار بازی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مؤثر پولیسنگ کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔