نئی دہلی (آن لائن) برازیل کے شمال مشرقی علاقے باکابال میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جب ایک رپورٹر نے ایک گمشدہ 13 سالہ سکول کی طالبہ کے لاپتا ہونے پر رپورٹنگ کے دوران بظاہر لاش پر پاؤں رکھ دیا جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر زیر گردش ہے، یہ واقعہ میارِم دریا میں پیش آیا، حیران کن طور پر یہ وہی مقام ہے جہاں بچی کو آخری بار زندہ دیکھا گیا تھا۔ برطانوی اخبار دی سن کے مطابق لینیلڈو فرازاؤ نامی رپورٹر دریا میں داخل ہوئے تاکہ پانی کی گہرائی اور اس جگہ کی جانچ کر سکیں جہاں لڑکی تیر رہی تھی، لیکن شاید وہ دریا کے اندر موجود لاش سے بے خبر تھے۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی پانی ان کے سینے تک پہنچا، وہ اچانک چونک اٹھے، انہوں نے اپنی ٹیم کو بتایا کہ انہیں پانی کے نیچے کچھ چھوتا ہوا محسوس ہوا، وہ گھبرا گئے اور فوراً کم گہرے پانی کی طرف واپس آئے، اور پیچھے مڑ کر اس جگہ کو دیکھتے رہے جہاں وہ کھڑے تھے۔