صیہونی فوج نے عملے کے ایک مرکز میں گھس کر خواتین اور بچوں کو پیدل جنوب کی طرف جانے پر مجبور کیا
غزہ (آئی این پی )اسرائیلی فوج نے بربریت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے غزہ میں عالمی ادارہ صحت کے دفاتر اور گودام پر حملہ کرتے ہوئے عملے کو گرفتار کر لیا۔عالمی ادارہ خوراک کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے وسط میں واقع دیر البلح میں اس کے عملے کے رہائشی مقام اور مرکزی گودام پر تین بار حملے کیے۔ادارے کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہا نوم نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں عالمی ادارہ صحت کے عملے کے رہائشی مقام پر تین بار دھاوا بولا اور مرکزی گودام کو بھی نشانہ بنایا، اسرائیلی فوج نے عملے کے ایک مرکز میں گھس کر خواتین اور بچوں کو پیدل جنوب کی طرف جانے پر مجبور کیا، مرد عملے اور ان کے اہل خانہ کو ہاتھ پاں باندھ کر کپڑے اتار کر موقع پر تفتیش کی اور بندوقوں سے زدوکوب کیا۔ٹیڈروس کے مطابق 32 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، لیکن اسرائیلی فوج نے عملے کے دو ارکان اور ان کے دو اہل خانہ کو حراست میں لے لیا، تین کو بعد میں رہا کر دیا گیا جبکہ ایک اب بھی گرفتار ہے، ادارے نے فوری رہائی اور عملے کی مکمل حفاظت کا مطالبہ کیا ہے۔