ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ کی پی پی کے وفد سے ملاقات ‘ مشترکہ اجلاس کی مجوزہ قانون سازی پر اعتماد میں لیا‘بلوں پر بریفنگ دی
اسلام آباد(آئی این پی)پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، پیپلزپارٹی مان گئی، قانون سازی میں مکمل تعاون کرنے پر تیار ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق حکومت اور پیپلزپارٹی میں تعطل کی برف نئے رابطہ میں پگھلی، سپیکر ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ نے پی پی وفد سے ملاقات کی۔نوید قمر، شیری رحمان، اعجاز جاکھرانی پی پی وفد میں شامل تھے، حکومتی وفد نے پی پی کو مشترکہ اجلاس کی مجوزہ قانون سازی پر اعتماد میں لیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے پیپلزپارٹی کو مشترکہ اجلاس کی مجوزہ قانون سازی پر بریفنگ دی، اعظم نذیر تارڑ، وزارت قانون حکام نے مجوزہ بلوں پر پیپلزپارٹی کو بریفنگ دی۔پیپلزپارٹی کو دانش سکولز، گھریلو تشدد، نیشنل کمیشن انسانی حقوق بل پر تحفظات تھے، حکومت نے مشترکہ اجلاس کے تینوں بلوں پر پی پی کے تحفظات دور کر دیئے۔