بھارتی ٹیلی ویژن کی مشہور اداکارہ دیویانکا ترپاٹھی نے مالی دھوکہ دہی کا انکشاف کیا ہے جس کے نتیجے میں انہیں 12 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
دیویانکا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے) نے ان سے یہ رقم غبن کی تھی، جس کا انہیں بعد میں علم ہوا۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ ان کا شیڈول بہت مصروف تھا، اس لئے وہ اپنے مالی معاملات پر دھیان نہیں دے پاتی تھیں اور اپنے سی اے پر مکمل اعتماد کرتی تھیں۔ سی اے نے انہیں سرمایہ کاری کے لئے فکسڈ ڈپازٹس کا مشورہ دیا تھا اور اس مقصد کے لئے دیویانکا نے چار چیک جاری کیے تھے۔ تاہم، ان کا سی اے غائب ہو گیا اور اس نے 12 لاکھ روپے ہڑپ لیے۔جب دیویانکا نے پیسے واپس لینے کی کوشش کی، تو چار میں سے تین چیک باؤنس ہو گئے، جس کی وجہ سے انہیں 9 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
اس کے بعد انہوں نے قانونی چارہ جوئی کرنے کی کوشش کی، مگر بدقسمتی سے ان کا وکیل بھی ناقابلِ اعتبار ثابت ہوا اور تمام فائلیں غائب ہو گئیں۔ دیویانکا نے یہ بھی بتایا کہ انہیں آخرکار یہ لڑائی چھوڑنی پڑی۔اب دیویانکا اپنے مالی اور قانونی معاملات میں زیادہ احتیاط برتتی ہیں اور کسی پر بھی آنکھ بند کر کے بھروسہ کرنے سے گریز کرتی ہیں۔