بھارت کی معروف ساؤتھ فلم انڈسٹری کی اداکارہ شکیلہ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ مسلسل موبائل فون کے استعمال سے ان کی صحت پر شدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں انہیں گردن کی سرجری کروانی پڑی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، شکیلہ، جنہوں نے کنارا تھمبیکال، تھیزوارا اور پلے گرل جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، نے اپنی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کئی سال تک گھنٹوں موبائل پر گیمز کھیلنے، ویڈیوز دیکھنے اور سوشل میڈیا استعمال کرنے کی عادت نے ان کی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔انہوں نے اپنی کہانی میں بتایا کہ حال ہی میں چنئی کے مڈوے اسپتال میں ان کا آپریشن کیا گیا، جہاں ڈاکٹر بالامورگن نے ان کے گردن کا سرجری عمل انجام دیا۔ سرجری کے بعد وہ گھر منتقل ہو چکی ہیں اور اب صحت یابی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔شکیلہ نے اس علاج میں تقریباً 3 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے اور بتایا کہ اس دوران ان کے گردن کا کالر بھی استعمال کرنا پڑا۔ انہوں نے اپنی بیماری کے سبب شدید درد اور مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی بستر سے اٹھنے اور کھانے کے لیے بھی مدد لیتی ہیں۔اداکارہ نے اس سلسلے میں اپنے تجربے سے سبق سکھاتے ہوئے والدین کو بھی نصیحت کی کہ وہ اپنے بچوں کے موبائل فون کے استعمال پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ فون صرف ضروری کاموں کے لیے استعمال کریں اور غیر ضروری ویڈیوز، ریلز اور گیمز سے پرہیز کریں، کیونکہ اس کا نتیجہ صحت کے حوالے سے ناقابل تلافی نقصان کی صورت میں نکل سکتا ہے۔
انہوں نے اپنی بیماری کے دوران ہونے والی تکلیف کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گردن کے شدید درد اور پیچیدگیوں کے سبب، سرجری میں ٹائٹینیم کا اسکرو لگانا پڑا۔شکیلہ، جن کا اصل نام سی شکیلہ بیگم ہے، نے 1995 میں تامل فلم پلے گرل سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 2000 میں ملیاللم فلم کنارا تھمبیکال سے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے بالغ موضوعات پر مبنی فلموں سے ہٹ کر مرکزی دھارے کی فلموں میں کردار ادا کئے اور کئی معروف اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔انہوں نے اپنی صحت کی حالت سے سبق سیکھ کر عوام کو بھی خبردار کیا کہ موبائل فون کا استعمال ضرورت سے زیادہ نہ کریں، ورنہ آپ کو بھی اسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔