اسلام آباد(آئی این پی ) ملک میں بارشوں کی کمی کے باعث خشک سالی کا خطرہ پیدا ہوگیا۔پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے قومی خشک سالی مانیٹرنگ سینٹر کی جانب سے جاری ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ میدانی علاقوں میں خاطر خواہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے خشک سالی کی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔پی ایم ڈی کے مطابق یہ الرٹ 9 دسمبر کو جاری کردہ خشک سالی ایڈوائزری -1 کا تسلسل ہے، یکم ستمبر 2024 سے 15 جنوری 2025 تک پاکستان بھر میں معمول سے 40 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، بارشوں کی کمی کے باعث موسم گرما بھی جلد آنے کا امکان ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ خشک سالی کی صورتحال مزید بگڑنے کا امکان ہے کیونکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بارش پر منحصر علاقوں میں کوئی قابل ذکر بارش کا امکان نہیں ہے