سلمان احمد قریشی
تجاوزات کسی بھی معاشرے کے ترقیاتی ڈھانچے پر ایک بوجھ ہوتی ہیں۔ یہ نہ صرف شہری علاقوں کے حسن کو بگاڑتی ہیں بلکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی مشکلات پیدا کرتی ہیں۔ پنجاب حکومت نے حالیہ دنوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں سرکاری زمینوں کو واگزار کروانا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔ تاہم، یہ اقدامات بے روزگاری جیسے اہم سماجی مسئلے کے ساتھ جڑے کئی چیلنجز کو بھی جنم دیتے ہیں۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن ایک اہم اور پیچیدہ مسئلہ ہے جو شہروں اور نواحی علاقوں میں درپیش ہوتا ہے۔ یہ کارروائیاں عام طور پر غیر قانونی تعمیرات، قبضہ مافیا، یا عوامی جگہوں پر غیر قانونی تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے کی جاتی ہیں۔ اس کا مقصد شہری منصوبہ بندی کو بہتر بنانا، ٹریفک کے مسائل کو حل کرنا، اور عوامی سہولتوں کی بحالی کو یقینی بنانا ہوتا ہے۔
تجاوزات کے خلاف کاروائی کا مقصد شہری خوبصورتی میں اضافہ اور آمدورفت میں آسانی پیداکرنا ہوتا ہے۔تجاوزات ہٹانے سے شہر کا بنیادی ڈھانچہ بہتر ہوتا ہے اور گلیوں اور سڑکوں کی خوبصورتی بحال ہوتی ہے۔فٹ پاتھ اور سڑکوں پر تجاوزات ختم ہونے سے ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے۔پارک، کھیل کے میدان، اور دیگر عوامی مقامات دوبارہ عوام کے لیے دستیاب ہو جاتے ہیں۔کاروباری مراکز اور مارکیٹس میں قانونی کاروبار کو فروغ ملتا ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ کو تجاوزات کے خاتمہ کے لیے واضح احکامات جاری کیے۔ پنجاب میں آپریشن جاری ہے۔انتظامیہ کو اس آپریشن میں بہت ست مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے۔غریب طبقے پر آپریشن کے اثرات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران اکثر کم آمدنی والے طبقے بے گھر یا بے روزگار ہو جاتے ہیں۔
تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران اکثر وہ لوگ متاثر ہوتے ہیں جو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرتے ہیں۔ یہ ریڑھی بان، چھوٹے دکاندار، اور مزدور پیشہ افراد اپنی روزی روٹی کے لیے انہی غیر قانونی جگہوں پر انحصار کرتے ہیں۔ جب ان کے کاروبار ختم کر دیے جاتے ہیں تو ان کے لیے روزگار کے متبادل مواقع تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔تجاوزات کے خلاف مہم پر سیاسی دباؤ کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تجاوزات کے پیچھے اکثر سیاسی یا بااثر تاجر تنظیموں سے وابستہ شخصیات کا ہاتھ ہوتا ہے، جس سے کارروائی مشکل ہو جاتی ہے۔حکومت محدود مسائل کی وجہ سیمتبادل جگہ کی فراہمی یا روزگار کی فراہمی کا کوئی نظام نہ ہونے کی وجہ سے سماجی مسائل کو حل نہیں کرسکتی۔اکثر آپریشن بغیر کسی جامع منصوبہ بندی کے شروع کیے جاتے ہیں، جس سے تنازعات اوراحتجاج جنم لیتے ہیں۔
آپریشن عمومی طور پر عارضی تجاوزات کے خلاف ہی ہوتا ہے جبکہ پختہ تعمیرات ہٹانے تک معاملہ نہیں پہنچتا۔بازاروں میں دکانوں کے شیٹر 5فٹ تک آگے سیوریج لائن تک پختہ تعمیرات کے زریعے قائم ہیں، پارکنگ کی جگہ پر دکانیں قائم ہیں ان کے خلاف کاروائی حکومت کے بس کی بات نہیں۔کاونٹرز اور ریڑھیاں اٹھا کر بازاروں کو کھلا کرنے تک آپریشن محدود رہتا ہے جس سے مزید مسائل پیدا ہوتے ہیں۔پلازے، بنک، نجی ہسپتال، مساجد، سکول پارکنگ کے لیے سڑک کو ہی استعمال کرتے ہیں۔آپریشن بلا امتیاز نہیں ہوتا، اس وجہ سے مطالبہ نتائج حاصل نہیں ہو پاتے۔معاشرہ میں عدم تحفظ اور بے چینی پھلتی ہے۔ حکومت اگر پہلے پختہ تجاوزات اور بڑے دکانداروں کے خلاف کاروائی کرے تو غریب اور کمزور آپریشن سے قبل ہی حدود میں رہیں گے لیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آتا۔ آپریشن سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔اس لیے حکومت کو چائییجامع منصوبہ بندی کے تحت تجاوزات کے خاتمے سے پہلے عوامی رائے اور ماہرین کی مشاورت سے منصوبہ بنایا جائے۔متاثرین کے لیے متبادل انتظامات، بے گھر افراد یا متاثرہ کاروباری افراد کے لیے متبادل رہائش اور روزگار فراہم کیا جائے۔قانون کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مکمل شفافیت اور قانون کے دائرے میں رکھا جائے۔
اس سلسلہ میں آگاہی مہم بھی ضروری ہے تاکہ عوام کو تجاوزات کے نقصانات اور قانونی تعمیرات کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔انتظامیہ متحرک ہوتی ہے اسکے بعد پھر طویل چشم پوشی اس فعل کے منفی اثرات پیدا ہوتے ہیں۔دکاندار آپریشن کے دوران حدود میں رہتے ہیں لیکن اسے بعد پھر صورتحال ابتر ہوجاتی ہے۔تاجر نمائندہ تنظیموں کا کردار بھی قابل رشک نہیں، مک مکا اور درمیانی راستہ نکالنے یا مصلحت کے نتیجہ میں مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے ہی گئے اور آج صورتحال انتظامیہ کے لیے چیلنج سے کم نہیں۔وزیر اعلی پنجاب کی تشہیری مہم اور روزانہ کی بنیادپر کاروائی کو میڈیا کی زینت بنانے کے چکر میں کاروائیاں ڈالی جاتی ہیں، یہ کاروائیاں بہتری کو مدنظر رکھ کر نہیں حسن کارکرگی اور تعریفی سرٹیفکٹس کے حصول کے لیے کی جاتی ہیں۔بہتر میڈیا مینجمنٹ سے ماحول بنایا جاتا ہے۔ نتائج اور مقاصد پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔
حکومت کو تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بے روزگار ہونے والے افراد کے لیے متبادل انتظامات کرنا ہوں گے۔ اگر ان لوگوں کو متبادل جگہیں یا روزگار کے مواقع فراہم نہ کیے گئے تو اس سے معاشرتی مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بے روزگاری غربت، جرائم، اور سماجی بے چینی کو بڑھا سکتی ہے، جو معاشرتی ترقی کے لیے رکاوٹ بن سکتی ہے۔
پنجاب میں تجاوزات کے خلاف کارروائی ایک مثبت قدم ہے، لیکن یہ اس وقت تک مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک کہ بے روزگاری کے مسئلے کو بھی ساتھ ساتھ حل نہ کیا جائے۔ حکومت کو ایک جامع حکمت عملی تیار کرنی ہوگی جو تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کی بحالی کو بھی یقینی بنائے۔ ایسا کرنے سے نہ صرف شہری ڈھانچہ بہتر ہوگا بلکہ معاشرتی مسائل میں بھی کمی آئے گی۔تجاوزات کے خلاف آپریشن ایک ضروری اقدام ہے، لیکن اسے انسانی ہمدردی، انصاف، اور بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ کیا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے اور سماجی انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔