ہائیکورٹ، کم سن بچیوں اور والدہ کے اغوا کے مقدمے میں پولیس پر بھاری جرمانہ

وقاص کی اہلیہ اور تین بچیوں کو اسلام آباد پولیس لاہور سے اٹھا کر لائی تھی، آئی جی کو پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم 
اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے  لاہور اور بہاولپور سے کم سن بچیوں اور والدہ کے اغوا کے مقدمے میں  پولیس اہلکاروں کو بھاری جرمانے عائد کر دئیے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔سابق سی ای او پی آئی اے مشرف رسول کا شہری وقاص احمد اور سہیل علیم کے ساتھ لین دین کا تنازع تھا۔ عدالت نے وقاص احمد اور سہیل علیم کے خلاف تھانہ ترنول میں درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا۔ہائیکورٹ نے مقدمے کے تفتیشی افسر پر ایک لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا جبکہ بغیر وارنٹ لاہور چھاپہ مارنے والی ٹیم میں شامل تمام پولیس اہلکاروں پر بھی ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔وقاص احمد کی اہلیہ اور تین بچیوں کو اسلام آباد پولیس لاہور سے اٹھا کر لائی تھی۔عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئی جی اسلام آباد ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کرکے رپورٹ دیں۔وقاص احمد اور ان کی اہلیہ کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔