شاہ ریزکا8روزہ جسمانی ریمانڈشیر شاہ کو بھی 9 مئی کیسز میں حراست میں لیا گیا ، ایس ایس پی
لاہور(کرائم رپورٹر) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی حراست میں لے لیا گیا، جبکہ پہلے سے گرفتار بیٹے شاہ ریز کو 8روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ شیر شاہ خان کو گھر کے پاس سے حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے بھائی شاہ ریز خان کی انسداد دہشت گردی میں پیشی سے واپس آ رہے تھے، گاڑی ان کے والد اور علیمہ خان کے خاوند چلا رہے تھے جب کے شاہریز خان کی اہلیہ بھی گاڑی میں موجود تھیں۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ خان کو 9 مئی کے کیسز میں حراست میں لیا گیا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ وہ اور ان کے اہلخانہ کسی دبائو میں آنے کو تیار نہیں۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا، شوہر اور بہو ہمارے ساتھ تھے، جو لوگ شیر شاہ کو لے گئے وہی لوگ شاہ ریز کو بھی لے کر گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان پر جتنا مرضی دبائو ڈال لیا جائے لیکن وہ ڈرنے والوں میں سے نہیں۔علیمہ خان کے مطابق یہ سب اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام عوام تک نہ پہنچ سکے، مگر ہم نے طے کر رکھا ہے کہ کسی دبائو میں نہیں آئیں گے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کل جو خاندان بانی پی ٹی آئی کے ضمانت پر رہائی کی خوشی منا رہے تھے، انہیں گرفتار کر لیا گیا، یہاں تک کہ چھوٹے چھوٹے بچوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب ان کے خوف کی علامت ہے۔ میرا بیٹا جانتا تھا کہ وطن واپس آئے گا تو گرفتار کر لیا جائے گا، لیکن وہ پھر بھی آیا کیونکہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ گرفتاریاں عمران خان کی ضمانت کا ردعمل ہے۔ادھر انسداد دہشتگری عدالت نے نو مئی جناح ہائوس کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔جبکہ پولیس نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو بھی 9 مئی کیس میں گرفتار کر لیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے پولیس کے جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزم شاہ ریز خان کو پولیس کے جانب سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے شاہ ریز کے خلاف جناح ہاوس کیس کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کر دیا۔ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم شاہ ریز خان 23 ستمبر 2023 سے جناح ہائوس حملہ کیس میں نامزد ہے۔ ملزم کو ضمنی بیانات کی روشنی میں مقدمے میں نامزد کیا گیا۔ پولیس نے استدعا کی کہ عدالت ملزم کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔ سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیئے کہ شاہ ریز خان کبھی اس کیس میں ملزم نہیں رہا۔ صرف ہمیں ہراساں کرنے کے لیے مقدمے میں نامزد کیا گیا یہ بتائیں کہ اگر ملزم نامزد تھا تو 27 ماہ کیوں لگے گرفتاری میں ؟شاہ ریز خان 27 ماہ سے ملک میں موجود ہیں متعدد بیرون ملک دورے کئے۔ یہ گرفتاری صرف بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں منظور ہونے کا ردعمل ہے۔ عدالت نے ملزم پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔عدالت نے ملزم پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے دوبارہ 30 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔