کراچی اور کوئٹہ کے لوگ اپنے صوبوں میں احتجاج کریں‘ارکان قومی وصوبائی اسمبلی آگے ہوں گے
نوجوان نسل کیلئے بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا آپ لوگوں نے ملک چھوڑ کر نہیں جانا:میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی (آن لائن)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے نوجوان نسل کیلئے بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے آپ لوگوں نے ملک چھوڑ کر نہیں جانا، سوشل میڈیا کے نوجوان بھی 24 نومبر کیلئے تیاری پکڑ لیں‘کراچی اور کوئٹہ کے لوگ اپنے صوبوں میں احتجاج کریں‘ارکان قومی وصوبائی اسمبلی آگے ہوں گے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کل کا جو بانی پی ٹی کا پیغام تھا، اس کے آج پہلوؤں کو اجاگر کیا،بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کیلئے کھڑی ہو، نوجوان نسل کیلئے بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ آپ لوگوں نے ملک چھوڑ کر نہیں جانا۔ علیمہ خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے، 24 نومبر کی تاریخ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریاں شروع کر دیں،بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ ابھی سے گھروں میں بیٹھ کر منصوبہ بندی شروع کردیں۔