اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سوشل میڈیا پر اپنے منفرد اور فیملی کانٹینٹ سے شہرت پانے والے کانٹینٹ کرئیٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکائونٹ پلیٹ فارم نے مستقل طور پر معطل کردیا۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلحہ کے بھائی طحٰہ احمد نے بتایا کہ ان کا اکائونٹ جس بنیاد پر معطل کیا گیا ہے اس کی وجہ ان کا 13 سال سے کم عمر ہونا بتائی جارہی ہے۔انسٹاگرام کے مطابق طلحہ 13 سال سے کم عمر ہیں، اس بنا پر ان کا اکائونٹ معطل کیا گیا ہے جب کہ ان کی عمر اس وقت 16 سال ہے۔جہاں تک کانٹینٹ کرئیشن کی بات ہے تو ارادہ ہے کہ نئے اکاونٹ سے طلحہ جلد سوشل میڈیا پر قدم رکھیں گے۔دوسری جانب طلحہ احمد کے فیس بک اکائونٹ پر ان کے فالورز اکائونٹ معطل ہوجانے پر مختلف تبصرے کرتے بھی دیکھے جارہے ہیں۔چائلڈ کانٹینٹ کرئیٹر طلحہ احمد کے لاکھوں فالوورز ہیں ،طلحہ احمد کا تعلق سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون سے ہے اور انہیں سادہ ویڈیوز کی وجہ سے کافی شہرت حاصل رہی ہے۔طلحہ احمد تھیلیسمیا کے مریض بھی ہیں اور انہوں نے جولائی 2024 میں بیماری کے باوجود سوشل میڈیا پر مواد تخلیق کاری کا کام شروع کیا۔